بنگلورو، 13؍نومبر(ایس او نیوز) مرکزی وزارت بری نقل وحمل اس امکان پر غور کررہی ہے کہ سڑکوں پر گاڑیاں چلانے والے اگر اپنے پاس گاڑیوں کے دستاویزات کی کاغذی نقل نہیں رکھ پارہے ہیں تو یہ اپنے موبائل فون یا ای میل پر اگر دستاویزات رکھتے ہیں تو یہ دکھا کر بھی وہ اپنا سفر جاری رکھ سکتے ہیں۔
الیکٹرانک ذریعے سے دستاویزات کی جانچ کے بعد ٹریفک پولیس حکام کو یہ اختیار نہیں رہے گا کہ اس گاڑی پر کسی طرح کا جرمانہ لگائے۔ بتایا جاتا ہے کہ 2 نومبر کو اس سلسلے میں مرکزی وزارت کی طرف سے ایک نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں اس کی واضح تفصیل دی گئی ہے۔ اس نوٹی فکیشن کے مطابق گاڑیوں کے مالکان اگر اپنے پاس گاڑی کے ڈجیٹل دستاویزات رکھتے ہیں تو پولیس حکام کی طرف سے گاڑی روکے جانے کی صورت میں وہ ڈجیٹل دستاویزات دکھا کر بھی اپنی جانچ مکمل کرواسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں مرکزی حکومت نے موٹر وہیکل قانون میں ترمیم لانے پر بھی غور وخوض شروع کردیا ہے۔نئے ضوابط اگر نافذ ہوجائیں تو ٹریفک پولیس کو صرف ڈجیٹل دستاویزات موبائل فون کے ذریعے دکھانا کافی ہوگا اور اگر کسی طرح کے ٹریفک قانون کی پامالی ہوئی ہے تو انہیں ڈجیٹل اعداد کی بنیاد پر مقدمے کی کارروائی بروقت انجام دی جاسکتی ہے۔
بنگلور کے اڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹریفک ہری شیکھرن نے مرکزی حکومت کی طرف سے 2نومبر کو اس سلسلے میں نوٹی فکیشن کے اجراء کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ نئے ضوابط کے متعلق تفصیلات ملتے ہی ریاست میں اس نظام کو سب سے پہلے لاگو کیا جائے گا۔